لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نےپنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین اور 16علماء ، رضاکاران سمیت 28ممبران کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب میں ہونیوالی کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کی حالیہ میٹنگ میں کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب قرآن بورڈ کے چئیرمین کا انتخاب ایک سال جبکہ دیگر ممبران کو تین سال کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ تمام منتخب ممبران کے نام فل کیبنٹ کی منظوری کے لئے وزیر اعلی سیکرٹریٹ بھجوا دیئے گئے ہیں جس کے بعد محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب قرآن بورڈ کا باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ بورڈ کے 16 عالم دین ، جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں، ممبران میں بریلوی، دیوبندی، اہلحدیث اور اہل تشیع مسالک کے چار چار علماء شامل ہیں ۔ دستاویزات کے مطابق جامعہ اشرفیہ لاہور کے معروف دیو بندی عالم دین مولانا زبیر حسن کو پنجاب قرآن بورڈ کا چئیرمین بنانے کی مظور ی دی گئی ہے۔ چئیرمین بورڈ کے لئے جامعہ اشرفیہ کے ہی مولانا یوسف خان کا نام بھی زیر غور تھا لیکن انہوں نے اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے باعث یہ عہدہ لینے سے معذرت کر لی تھی اور مولانا زبیر حسن کے نام کی بطور چئیرمین تائید کی۔