• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنما خود اپنے بیانیے سے ہٹ گئے: صدر مسلم لیگ ن آسٹریا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور کارکنان اب خود اپنے بیانیے سے ہٹ گئے ہیں۔

چوہدری علی شرافت نے نمائندہ ’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں پی ٹی آئی والے دعویٰ کرتے تھے کہ دو سال ہو گئے، اب تک ٹرائل مکمل نہیں ہوا اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزا کیوں نہیں دی جا رہی، اب جبکہ عدالتی اور قانونی عمل جاری ہے تو وہی لوگ اعتراضات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023ء کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا جا چکا ہے، جس دن ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور قومی اداروں کو نشانہ بنایا گیا، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے تاکہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔

چوہدری علی شرافت نے حال ہی میں سینیٹ میں منتخب ہونے والے نو منتخب عہدیداران، بالخصوص اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نئی قیادت ملک کو سیاسی استحکام اور معاشی بہتری کی جانب لے کر جائے گی۔

مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت جو مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں پر مشتمل ہے، اس نے قلیل مدت میں مہنگائی میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، کرنسی مستحکم ہو رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور ملکی مفاد میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان کو اس وقت اتحاد، استحکام اور مثبت سوچ کی ضرورت ہے، اختلافات اپنی جگہ، مگر ریاستی اداروں اور عدلیہ کا احترام ہر شہری کا فرض ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید