برطانوی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ کے بعض حصوں میں طوفانی و موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب اور دیگر مسائل کا خطرہ ہے۔
اتوار کے روز محکمہ موسمیات نے ناردرن آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، شمالی اور جنوب مغربی انگلینڈ کے لیے پیلا انتباہ (Yellow Weather Warning) جاری کی، جو رات 10 بجے تک نافذ رہے گی، جبکہ پیر کے روز مزید علاقوں میں یہ وارننگ جاری کی جائے گی۔
ناردرن آئرلینڈ کے مشرقی علاقوں میں اتوار شام 6 بجے سے پیر شام 6 بجے تک 24 گھنٹے کا وارننگ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب اور آمد و رفت میں رکاوٹ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہر سائمن پارٹریج کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ سب سے زیادہ بارش اور اس کا اثر ناردرن آئرلینڈ میں دیکھنے کو ملے گا۔ 12 سے 18 گھنٹوں میں 50 سے 75 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ناردرن آئرلینڈ میں جولائی کے مہینے میں اوسطاً 89 ملی میٹر بارش ہوتی ہے، یعنی ایک دن میں ہی آدھے مہینے سے زیادہ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پیر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے کچھ حصوں میں صرف دو گھنٹوں میں 20 سے 40 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جس سے شہری زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پیر کی صبح 3 بجے سے رات 9 بجے تک انگلینڈ کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں طوفانی بارشوں کا وارننگ الرٹ جاری رہے گا، جبکہ صبح 11 بجے کے بعد یہ الرٹ مڈلینڈز، شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ تک پھیل جائے گا۔
اسکاٹ لینڈ میں اب بھی 10 سے زائد سیلابی الرٹ فعال ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب یا بجلی گرنے کی صورت میں ٹرین اور بس سروسز میں تاخیر یا منسوخی ہو سکتی ہے۔
مزید یہ کہ بجلی کی بندش اور گہرا پانی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ بارشیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب ملک حال ہی میں تیسرے ہیٹ ویو کا سامنا کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کے چار علاقے خشک سالی کا شکار ہو چکے ہیں اور کئی مقامات پر ہوز پائپ پر پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ خشک زمین بارش کو جذب نہیں کر پاتی، جس سے سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔