محمد عمار
پیارے بچو! یہ تو آپ کو معلوم ہوگا کہ محرم الحرام، اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، جو نہایت فضیلت اور حرمت والا مانا جاتا ہے۔ اس مہینے میں کئی اہم تاریخی واقعات پیش آئے، ذیل میں محرم کے چند اہم واقعات آپ کو بتا رہے ہیں۔
ماہ محرم ان چار مہینوں میں سے ایک ہے, جنہیں حرمت والا مہینہ کہا جاتا ہے۔ اسلامی کیلنڈر کا آغاز محرم الحرام کے بابرکت مہینے سے ہوتا ہے۔ ’’محرم‘‘ کے معنی ہیں ’حرمت والا‘ اور ’’الحرام‘‘ کے معنی ’قابلِ احترام‘ کے ہیں، اس ماہ میں کائنات کی تخلیق ہوئیاور حضرت آدم علیہ السلام پیدا ہوئے۔ اسی مہینے اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم ؑ کی توبہ قبول فرمائی۔
محرم الحرام کے مہینے میں ہی حضرت یونس علیہ السلام مچھلی کے پیٹ سے باہر آئے۔ حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی 6 ماہ تک طوفان کے گرد چکر لگانے کے بعد جب جبل جُودی پہ جا کے ٹھہری۔ اسی ماہ حضرت ابراہیم ؑ آگ سے باہر آئے۔ حضرت موسی علیہ السلام اسی ماہ اپنی قوم کو لے کر دریائے نیل کے کنارے لگے اور اللہ نے فرعون کو غرق کیا۔
حضرت یعقوب علیہ السلام اور حضرت یوسف علیہ السلام ایک طویل جدائی کے بعد ملے تو محرم ہی کا مہینہ تھا۔ حضرت یعقوب علیہ السلام کی بینائی واپس آئی۔ محرم میں حضرت یوسف علیہ السلام تخت خلافت پر بیٹھے۔ محرم الحرام کی پہلی تاریخ کو کعبۃاللہ کا غلاف تبدیل کیا جاتا ہے۔
رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہجرت سے منسوب سن ہجری کی ابتداء ہوئی۔ حضرت عمر فاروق ؓ کے دور میں قدسیہ فتح ہوا۔ جب قبرص پر مسلمانوں نے فتح حاصل کی، مصر میں سب سے پہلے اسلامی سلطنت قائم ہوئی تو محرم کا مہینہ ہی تھا۔
سترہ محرم کوابرھہ کی فوج نے کعبہ پر حملہ کیا ، اللہ تعالیٰ نے ابابیلوں کے ذریعے اُس کی فوج پر پتھر برسا کر تباہ کیا۔ حضرت ایوب علیہ السلام کو طویل بیماری کے بعد شفاء نصیب ہوئی۔ شعب ابی طالب کی محصوری کا واقعہ یکم محرم کو پیش آیا۔
پندرہ کو محرم حضرت علی رضی اللہ عنہ نے قلعہ خیبر فتح کیا۔ حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت یکم محرم 24 ہجری کو ہوئی۔ حضرت امام حسینؓ کی شہادت (واقعۂ کربلا)10 محرم 61 ہجری میدانِ کربلا میں ہوئی۔
نواسہء رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہلِ بیتؓ کو یزید کی بیعت سے انکار پر کربلا میں شہید کیاگیا۔ 72 جاں نثاروں نے حق و صداقت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ واقعہ ظلم کے خلاف استقامت، قربانی اور دین کی حفاظت کی عظیم مثال ہے۔ اسی مہینے میں قیامت آئے گی۔