کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے لیاری میں عمارت گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جانی و مالی نقصان کے باوجود تحقیقاتی کمیٹیاں بنانے میں جتنی تیزی دکھاتی ہے اگر اتنی ہی تیزی بوسیدہ عمارتیں خالی کروانے میں دکھائے تو ایسے دلخراش واقعات سے بخوبی بچا جاسکتا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ گرنے والی بلڈنگ میں رہنے والے 6 خاندانوں کے جو ایک درجن لوگ اس حادثے میں جاں بحق ہوئے اسکی ذمہ داری سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے، آفاق احمد نے کہا کہ گذشتہ 16سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، اولڈ سٹی ایریا میں ایسی بہت سی عمارتیں اب بھی موت کاپھندہ بنی کھڑی ہیں۔