کوئٹہ(این این آئی)ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی کے بھائی گلداد نورزئی نے کہا ہے کہ محمد حنیف نورزئی تاحال لاپتہ اور اغواء کاروں کی حراست میں ہیں انہوں نے مسلح تنظیم سے حنیف نورزئی کو رہا کرنے اور سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، علماء کرام اور سماجی شخصیات سے مغوی اسسٹنٹ کمشنر کی بحفاظت واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔تربت پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مغوی اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی کے بھائی گلداد نورزئی نے کہا کہ گذشتہ ماہ 4 جون کو اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو تمپ سے کوئٹہ گھر جاتے ہوئے اغوا کرلیا گیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے نے پورے خاندان کو بے چینی، اذیت اور شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حنیف نورزئی ایک ایماندار اور فرض شناس سرکاری افسر ہیں جنہوں نے تمپ میں اپنی تعیناتی کے دوران عوامی خدمت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی،،گلداد نورزئی نے مسلح تنظیم سے اپیل کی کہ وہ انسانیت اور بلوچی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد حنیف نورزئی کو جلد بحفاظت رہا کرے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، علماء کرام اور سماجی شخصیات سے بھی درخواست کی کہ وہ محمد حنیف نورزئی کی بحفاظت واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔