کوئٹہ (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے 5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالمِ اسلام کے عظیم رہنما تھے، جنہوں نے امت مسلمہ کو اتحاد، خودمختاری اور ترقی کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر نہ صرف پاکستان کی جمہوری اقدار کو نقصان پہنچایاگیا بلکہ ملک کی ترقی کا سفر بھی سبوتاژ کر دیاگیا۔ کرن بلوچ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد لیڈر تھے جنہوں نے 1973 کا متفقہ آئین دیا، قوم کو پہلی بار ایک مضبوط آئینی اور جمہوری فریم ورک فراہم کیا، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور غریب طبقات کو آواز دی۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی، اسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور لاہور میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کر کے عالمی سطح پر مسلم امہ کی قیادت کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔