کراچی(اسٹاف رپورٹر) یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ آج منایا جائیگا ، مرکزی جلوس نشتر پارک سے 8:30 بجے برآمد ہوگا ، قبل ازیں نشتر پارک میں مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی امام عالی مقام و رفقا کے مصائب بیان کرینگے ، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹ کریگا۔ مرکزی جلوس نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ارانیاں پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا علامہ شہنشاہ نقوی کی اقتدا میں تبت سینٹر کے مقام پر نماز ظہرین ادا کرینگے، بعد نماز ظہرین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مظلومین فلسطینوں کے حق میں احتجاج ، حالیہ ایران جنگ میں ایرانی سائنسدانوں، عسکری قیادت اور عوام کی شہادتوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، مرکزی جلوس کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا۔ جبکہ سیکیورٹی کے لیئے پولیس و رینجرز بھی تعینات اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی گئی۔