کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام رہتی دنیا تک مظلوموں کی آواز ہے، نواسۂ رسولؐ نے دین کی بقاء اور امت کی اصلاح کے لیے عظیم قربانی پیش کی، امام حسینؑ اور انکے 72 جانثاروں نے حق کی سربلندی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں جو تاریخ انسانیت میں ایک روشن مثال ہے۔یوم عاشورہ کے موقع پر پیغام میں وزیر اعلیٰ نے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا کا واقعہ صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ فکری، روحانی اور اخلاقی تحریک ہے جو ہمیں صبر، قربانی اور استقامت کا سبق دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یزیدیت کے خلاف امام حسینؑ کا انکار دراصل تاریخ کا سب سے بڑا اعلانِ آزادی تھا۔