• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ بندی معاہدے پر حماس کا مثبت جواب خوش آئند ہے، ٹرمپ

کراچی (نیوز ڈیسک) حماس نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے مجوزہ معاہدے پر ثالث ممالک کو مثبت جواب جمع کروادیا ہے اور وہ 60روزہ مجودہ جنگ بندی کیلئے فوری مذاکرات شروع کرنے کیلئے تیار ہیں، حماس کے عسکری ونگ کے غزہ بریگیڈ کے کمانڈر عزالدین الحداد نے اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ اگر غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی "باعزت معاہدہ" نہ کیا گیا تو وہ "آزادی کی جنگ یا شہادت‘‘ کی جنگ کیلئے تیار رہیں۔ حماس کی اتحادی تنظیم اسلامی جہاد نے بھی مجوزہ جنگ بندی کی حمایت کردی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کی جنگ بندی تجویز پر ’مثبت جواب‘ خوش آئند ہے اور ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ طے پا سکتا ہے، اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس کا جواب موصول ہوگیا ہے جس کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، غزہ میں قید اسرائیلی شہریوں کے اہلخانہ سمیت ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور انہوں نے اپنی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قیدیوں کی رہائی کیلئے جنگ بندی معاہدے کو تسلیم کرلیں۔ اسرائیلی حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کی تجاویز باضابطہ طور پر ثالثوں کے ذریعے اسرائیل تک پہنچائی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حکومت کے متعلقہ ادارے حماس کی تجاویز پر غور اور مشاورت میں مصروف ہیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جا سکے۔حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مستقل جنگ بندی سے متعلق ضمانتیں مانگ لی ہیں۔  
اہم خبریں سے مزید