کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼرپورٹ کارڈʼʼ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ کیا غزہ تنازع کے پرامن حل کی امید دم توڑ گئی ہے؟ جواب میں تجزیہ کار سلیم صافی، محمل سرفراز، ارشاد بھٹی اور فخر درانی نے کہا کہ اسرائیل مسئلہ فلسطین کا حل نہیں چاہتا بلکہ اس کی پالیسی فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر مبنی ہے جب کہ امریکہ بھی فی الحال غزہ کے مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل کے ماتحت کیمپوں میں فلسطینیوں کو رکھنا ایک خطرناک قدم ہے کیونکہ اسرائیلی عزائم کسی بھی وقت بدل سکتے ہیں اور ان کیمپوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنا کر نسل کشی کی جا سکتی ہے۔ جب تک امریکہ اسرائیلی مظالم کو نسل کشی تسلیم نہیں کرتا اور اس پر واضح مؤقف اختیار نہیں کرتا، تب تک حالات میں کوئی بہتری ممکن نہیں۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات سے توقع تھی کہ شاید دو ریاستی فارمولے کا اعلان ہوگا مگر ایسا نہ ہو سکا۔