لاہور (جنرل رپورٹر ) مون سون کی جاری بارشوں کے دوران جناح ہسپتال لاہورکی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کی چھتیں ٹپکنے لگی ہیں جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ لاہور جنرل ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں بارش کا پانی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے باعث داخل نہیں ہو سکا ۔ ذرائع کےمطابق بدھ کے روز وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کے دوران جناح ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کی چھتیں ٹپکنے سے مریضوں کو عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ایمرجنسی میں چھتیں ٹپکنے سے علاج معالجے کی فراہمی بھی متاثر ہوئی جناح ہسپتال انتظامیہ بارش کے پانی کے نکاس کا بروقت بندوبست نہیں کر سکی جبکہ دوسری جانب لاہور جنرل ہسپتال اور سروسز ہسپتال لاہور کی انتظامیہ کی بروقت کاروائی اور اقدامات کے باعث جاری بارشوں کے دوران بارش کا پانی ہسپتال میں داخل نہیں ہوا سروسز ہسپتال میڈیکل ایمرجنسی بھی محفوظ رہی۔