چناری /لاہوو(خبر نگار،نمائندگان جنگ، ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد کشمیر اور پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ،کئی نشیبی علاقے ڈوب گئے،چھتیں،دیواریں گرنے سے مزید 9افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے،،ضلع جہلم ویلی میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی،یہ صورتحال کلاوڈ برسٹ جیسی لگتی ہے، تفصیلات کے مطابق، آزاد کشمیرکے ضلع جہلم ویلی میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس سے یونین کونسل گوہر آباد شرقی اور غربی کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی افراد اور شاہدین کے مطابق یہ صورتحال کلاوڈ برسٹ جیسی لگتی ہے، جس نے کئی گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا ہے۔سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ،تقریبا صبح 4 بجے گوہر آباد کے ملحقہ نالوں میں شدید طغیانی آئی، جس کے نتیجے میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ گوہر آباد غربی کی لنک روڈ پر ملبہ آ گیا، جس کے باعث یہ اہم راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے اور ٹریفک معطل ہو گئی، جس سے عوام کو مشکلا ت کا سامنا ہے۔ مکانات اور املاک کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کی مکمل تفصیلات انتظامیہ حاصل کر رہی ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور امدادی ادارے علاقے میں سرگرم ہیں اور سڑک کی بحالی سمیت دیگر امدادی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔