کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے کسانوں کیلئے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے 2022کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے امدادی فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اس پیکیج میں فصلوں کے نقصان کا معاوضہ، بیجوں کی فراہمی، اور متاثرہ زمینوں کی بحالی کے لیے مالی مدد شامل ہے۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز میں اضافہ سندھ فلڈ ری ہیبلی ٹیشن پروگرام کا حصہ ہے، جسے پہلے ہی دنیا کا سب سے بڑا ڈیزاسٹر ہاسنگ پروگرام قرار دیا جا چکا ہے۔ سندھ کابینہ نے سکھر اور حیدرآباد میں نئے صنعتی زونز قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے، جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔ حیدرآباد میں 951 ایکڑ اراضی سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کو منتقل کی جائے گی۔