کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹوں کی جبری تبدیلی ہرگز قبول نہیں کریگی، نمبر پلیٹوں کی تبدیلی کے نام پر رشوت اور کرپشن کا دھندا بند کیا جائے، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی سرپرستی اور وڈیرانہ ذہنیت میں کراچی سمیت پورے صوبے میں کرپشن کا سسٹم چل رہا ہے اوربربادی کا سفر جاری ہے،عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں، شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ایس بی سی اے سمیت ہر ادارہ رشوت اور نااہلی کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ادارہ نورحق میں بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمنعم ظفر نے کہا کہ کراچی میں اس وقت 588مخدوش عمارتیں موجود ہیں جن میں سے 51انتہائی خطرناک قرار دی گئی ہیں۔گزشتہ 5سال میں تعمیر شدہ ایک لاکھ عمارتوں میں سے 85فیصد عمارتیں منظوری کے بغیر تعمیر کی گئیں،40اور 60گز کی کئی کئی منزلہ عمارتیں بن گئیں ہیں۔