کراچی (اسد ابن حسن) فیصل آباد سائبر اسکینڈل کے مرکزی ملزم ایک حساس ادارے کی تحویل میں ہے اور مکمل تفتیش کے بعد اس کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کیا جائے گا اور اس کا نام پی آئی این ایل میں نہیں ڈالا گیا ہے ۔ تحقیقاتی اداروں نے ملزم کی زوجہ کا تمام کاروبار جس میں شادی کے بعد فارما سوٹیکل کمپنی کا قیام، چارٹر ایئر لائن کا قیام اور مذکورہ کال سینٹر کے قیام کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ملزم کی فارما سیوٹیکل کمپنی میں بڑی تعداد میں ایفیڈرین کیمیکل بھی درآمد کیا جاتا تھا جو کہ منشیات کی تیاری میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ غیر ملکی افراد جو اس کے کال سینٹر میں کام کرتے تھے ان کو شہر کی آمد و رفت سے بچانے کے لیے ان کی رہائش کا انتظام بھی ملزم نے اپنے کمپلیکس میں ہی کیا ہوا تھا۔