کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے بدھ کو شہدائے اردو کی قبروں پر حاضری دی اور ان کےبلند درجات کیلئے دعا کی۔ آفاق احمد نے شہدائے اردو کی قبروں پر حاضری کے بعد اسی مسجد میں نماز مغرب ادا کی اور سمن آباد فیڈرل بی ایریا میں واقع پارٹی کے کراچی ڈویژن کے دفتر گئے جہاں ضلع وسطی کے مختلف علاقوں سے تحریک میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں سے ملاقات کی اور انہیں آئندہ آنے والے چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ساتھیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاجروں کے خلاف سرکاری سطح پر سازشیں کی جارہی ہیں جن کا مقابلہ کرنے کیلئے مہاجر نوجوانوں کا متحد و منظم ہونا بہت ضروری ہے۔شہدائے اردو کی قبروں پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ شہدائے اردو کے خون کا صدقہ ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سندھ کو دو لسانی صوبہ تسلیم کرنا پڑا ۔