کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼرپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ موجودہ حالات میں احتجاجی تحریک وقت کی ضرورت ہے یا پھر یہ تحریک انصاف کے لیے نقصاندہ ہوسکتا ہے؟ جواب میں تجزیہ کار مظہر عباس، سہیل وڑائچ، سلیم صافی اور عمر چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے اور ان کے نزدیک عدالت سے کوئی ریلیف ملنے کا امکان نہیں۔حکومت مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔عمران خان کی مایوسی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹوں کو بھی پاکستان بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے حالانکہ یہ ان کے ماضی کے موقف کے برعکس ہے۔ ایسے میں پی ٹی آئی کے پاس واحد آپشن یہی رہ گیا ہے کہ وہ بھرپور احتجاج کرے تاکہ اسٹیبلشمنٹ حکومت پر دباؤ ڈالے اور کوئی سیاسی حل نکالنے پر مجبور ہو۔