کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن میں قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ( ای ڈی) کی غیر قانونی تقرری کا انکشاف ہوا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایک رکن نے جنگ کو بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایکٹ/آرڈیننس کے مطابق صرف کسی کمیشن کے رکن یا رخصت ہونے والے ای ڈی ہی کو 6 ماہ کی عبوری مدت کے لیے ہی قائم مقام ای ڈی بنایا جا سکتا ہے لیکن کمیشن کے 11مئی کے اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے کر فارغ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ گریڈ 20 کے مشیر منصوبہ بندی و ترقیات مظہر سعید کو قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا تھا جو سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر تھے جب کہ وہ نہ تو کمیشن کے رکن تھے نہ ہی ای ڈی کی آسامی پر تعینات تھے۔ سینیارٹی میں پہلے نمبر پر گریڈ 21 کے رضا چوہان تھے جنھوں نے مظہر سعید کو قائم مقام ای ڈی مقرر کرنے کے خلاف خط بھی لکھا تھا۔ جنگ نے موقف کے لیے ایچ ای سی کے ترجمان طارق اقبال سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ ایچ ای سی آرڈینس کے مطابق کمیشن کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر منتخب کرنے کا اختیار ہے اور کمیشن نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا چارج دیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلحاظ عہدہ کمیشن کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیتا ہے۔