اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) ملک بھر کی کاروباری برادری نے فنانس ایکٹ 2025میں ٹیکس ترامیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتےہوئے نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا ، وزیر مملکت خزانہ بلا ل اظہر کیانی اور ایف بی آر کے اعلی ٰ حکام نے کاروباری برادری کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی جس پر ایف پی سی سی آئی نے کاروباری و تاجر برادری کے ٹیکس اقدامات پراحتجاج کو موخر کرنے کافیصلہ کیا ہے، وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ ٹیکس اقدامات میں ہم کوئی ترمیم آئی ایم ایف کی منظوری کے بغیر از خود نہیں کرسکتے اگر ٹیکس سے متعلق کوئی ترمیم کریں گے یا ٹیکس کو کم کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا تو اس کےلیے آئی ایم ایف کو آگاہ کرنا ہوگا اور اس کی جگہ متبادل ٹیکس لگانا ہوگا،جمعہ کو وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی ، ایف بی آر کے ممبر آئی آر آپریشن ڈاکٹر حامد عتیق سرور ، ممبر آئی آر پالیسی نجیب احمد میمن، ممبر پالیسی کسٹم واجد علی نےایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس کا دورہ کیا ۔