کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ میں حمیرا اصغر کی موت 8 سے 10ماہ پہلے واقع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفیہ کی وجہ موت ممکنہ طور پر طبعی بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغر کی جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی ۔رپورٹ کے مطابق مرحومہ کے جسم کے نچلے حصے کا گوشت مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا، لاش ڈی کمپوز کے بالکل آخری اسٹیج تھی اور لاش خصوصاََ بالوں میں چھوٹے کیڑے پڑ چکے تھے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی معائنے کے لیے بھیجے ہیں جب کہ فزیکل معائنے سے زیادتی کا پتہ لگانا مشکل ہے۔یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔