کراچی (نیوز ڈیسک) کینیڈا کے ایک نوجوان جوڑے کی جانب سے13سال قبل سمندر میں پھینکی گئی بوتل، جس میں ایک محبت بھرا پیغام تھا، آئرلینڈ کے مغربی ساحل پر دریافت ہوئی ہے۔ یہ جذباتی پیغام 2012میں بیل آئی لینڈ کینیڈا سے روانہ ہوا تھا اور جولائی 2025 میں کاؤنٹی کیری، آئرلینڈ کے ساحل پر پہنچا۔ بریڈ سکویئرز، جو اُس وقت رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس میں خدمات انجام دے رہے تھے، اور انیتا موران، جو نرسنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں، نے اپنی رومانوی ملاقات کی یاد میں ایک بوتل میں ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ بند کر کے سمندر کے حوالے کیا تھا۔ پیغام میں لکھا تھا کہ وہ ایک خوبصورت دن بیل آئی لینڈ پر گزار رہے ہیں اور جس شخص کو یہ پیغام ملے، وہ ان سے رابطہ کرے۔ یہ بوتل حال ہی میں آئرلینڈ کے مہاریز نامی علاقے میں ایک مقامی جوڑے کو ملی، جو ساحلی صفائی میں مصروف تھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اس دریافت کو شیئر کیا، جس کے بعد یہ پیغام وائرل ہو گیا۔ جلد ہی انیتا اور بریڈ کا پتہ چلا لیا گیا۔ جوڑے نے تصدیق کی کہ وہ اب بھی ساتھ ہیں، 2016 میں شادی کر چکے ہیں اور تین بچوں کے والدین ہیں۔ اس غیر معمولی دریافت پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوبصورت یاد تھی جو وقت کے ساتھ سمندر کے ذریعے دوبارہ ان تک لوٹ آئی ۔