کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس موبائل میں سوار باوردی اور سادہ لباس افراد کی سہراب گوٹھ کے علاقے میں ایک اور واردات سامنے آ گئی، سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں کباڑئیے کی دکان پر ملزمان نے واردات کی،شہری نے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ سہراب گوٹھ تھانے میں درج کروا دیا ،مدعی کے مطابق میں کاروبار کرتا ہوں، 8 جولائی کی شب پولیس وردی اور سادہ لباس میں سات سے آٹھ افراد پولیس موبائل پر آئے۔مجھے زبردستی پولیس موبائل میں دھکیلنے کی کوشش کی جس پر میں نے شور مچایا تو علاقہ مکین جمع ہو گئے،باوردی پولیس اہلکار نے مجھ سے ڈھائی لاکھ روپے نقد، موبائل فون اور ذاتی لائسنس یافتہ اسلحہ چھین لیا، مدعی کے مطابق عوام کا رش بڑھ جانے کی وجہ سے پولیس اہلکار موبائل میں جبکہ سادہ لباس افراد موٹر سائکل پر فرار ہوگئے، مدعی نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے میری رقم اسلحہ اور موبائل فون واپس دلوائے جائیں۔واقعہ میں استعمال ہونے والی پولیس موبائل سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضع دیکھی جا سکتی ہے۔