کراچی (اسٹاف رپورٹر) میری پہچان پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنماء پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت جنگ میں شکست کے بعد پراکسی وار اور اپنے فتنہ کاریگروں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کرارہا ہے،اقوام متحدہ بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد کے سلوگن کے ساتھ سب چلیں تو ملک میں استحکام بھی آئے گا اور دہشت گردی کا بھی قلع قمع ہوگا، میری پہچان پاکستان نہ کسی کی مخالف ہے اور نہ کسی کی دشمن ہم وطن پرستی اور ملک میں امید کی کرن ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا، پارٹی کے رہنما محمد پنا پنیار، سیف یار خان، نہال صدیقی اورریحان خان موجود تھے، پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا کہ بھارت اب پراکسی وار کرکے مکاری سے کام لے گا، ہمیں اس مقام اور فتح کو برقرار رکھنے کے لیے گڈ گورننس اور اپنی فوج کی عظیم صلاحیتوں کا اداراک کرتے ہوئے تقسیم، تنازعات اور منفی سوچ سے باہر نکل کر ملک کو مضبوط کرنا ہوگا، جس طرح بھارتی جارحیت کو کچلا گیا اسی طرح ان فتنہ الہندوستان کو بھی کچلنا ضروری ہوچکا ہے، پاکستان کی ترقی اور اسکے مقام کو کسی بھی دہشت گرد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اس وقت صوبوں میں گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی میڈیا وار چل رہی ہے۔صوبہ سندھ کا شہر کراچی جو منی پاکستان ہے بد امنی، ناجائز تعمیرات، مخدوش عمارتوں، لینڈ مافیا، ٹینکر مافیا، بجلی گیس کا بحران، ٹوٹی سڑکیں، کھنڈرات نما شہر، نئی نمبر پلیٹوں کے نام پر عوام کی زندگی اجیرن، ٹریفک پولیس اور ایکسائز کی کراچی میں لشکر کشی، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلانے کے لئے نئے نئے قوانین اور بھاری چالان، شہر کے اندر ریاست کے اندر ریاست کا منظر پیش کر رہے ہیں۔