کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ڈیفنس اور کلفٹن میں رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کی تنظیم میں ایڈمنسٹریٹر کو نئے ممبران کی شمولیت سے روک دیا، ہائی کورٹ میں ڈیفنس اور کلفٹن میں رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کی تنظیم میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارت صنعت و تجارت نے تنظیم کے باقاعدہ الیکشن کے باوجود ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر جس افسر کو انکوائری سونپی گئی تھی اسی کو بعد میں ایڈمنسٹریٹر بھی مقرر کردیا گیا، رجسٹرار نے الیکشن کے نتائج جاری کرنے سے بھی روک دیا، رجوع کرنے پر عدالت نے نتائج جاری کرنے کا واضح حکم دیا تھا مگر اس کے برعکس نئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے نئے انتخابات کے ساتھ نئی ممبر سازی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جو انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے مترادف ہے۔