• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پھر بجلی کا بریک ڈاؤن، بعض علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا

کراچی(طاہر عزیز۔اسٹاف رپورٹر) گرم موسم اور پانی کی شدیدطلب کے باوجودکراچی واٹر کارپوریشن کےدھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بجلی کا بریک ڈاؤ ن،ہمیشہ کی طرح واٹر کارپوریشن نےکے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا ،کے الیکٹرک نے بھی واٹر کارپوریشن کے اندرونی نظام میں خرابی بتا کر جان چھڑالی وہی پرانے تجربہ کا ر افسران دونوں اداروں کی وضاحتیں اور ایک دوسرے پر الزاما ت لیکن شہر کو رات گئے تک پانی کی سپلائی بحال نہ ہو سکی، بلا تعطل پانی کی سپلائی واٹر کارپوریشن کی مکمل ذمہ داری ہےلیکن وہ آج تک اس مسلئے کا کوئی حل نہیں نکال سکا، پانی کی فراہمی بند ہونے سے بعض علاقوں میں پانی کا بحران پیداہو گیاہے،گزشتہ ایک سال میں کراچی کو پانی کی سپلائی بند ہونے اورلائن پھٹنے کا یہ چھٹا واقعہ ہے،واٹر کارپوریشن کے مطابق بریک ڈاؤن پیر کی رات 12 بج کر 20منٹ پر پیش آیابجلی کے بریک ڈاؤن سے لائن نمبر 5 دو مقامات سے پھٹ گئی اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام موقع پر پہنچ گئے اور فوری مرمتی کام کا آغاز کردیا جسے اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا ،ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا،چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم سید محمد اعجاز نے کہا کہ متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے کے الیکٹرک نے شام تک سیکنڈ فیز کی بجلی بحال نہیں کی تھی،بریک ڈاؤن کو 15 گھنٹے سے زائد عرصہ گزر چکا تھا ،بجلی کے بریک ڈاؤن سے سیکنڈ فیز کے 4 پمپ بند ہوگئے،دریں اثنا، ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی میں تعطل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اندرونی فالٹ کے باعث پیش آیا،واٹر بورڈ کی جانب سے پمپنگ اسٹیشن پر فالٹ کی درستی کے لیے صبح 4:30 بجے رابطہ کیا گیا، جس میں کے الیکٹرک سے تکنیکی معاونت کی درخواست کی گئی تھی ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی ہے،کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام مکمل طور پر فعال ہے تاہم ہماری ٹیمیں عوامی مفاد میں فالٹ کی درستگی کے لیے معاونت کررہی ہیں،دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز نہ صرف لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں بلکہ ہنگامی صورتحال میں انہیں متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جاتی ہے، تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید