• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز کا تاریخی زوال، 27 پر ڈھیر، اسٹارک کے چھ شکار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دو بار ون ڈے اور دو بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے اور ماضی میں بڑی بڑی ٹیموں کو ناکوں چنے چبوانے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاریخ کے بدترین دور سے گذررہی ہے۔ سبائنا پارک کنگسٹن جمیکا میں آسٹریلیا کے خلاف صرف 14.3اوورز میں اپنی تقریباً 100سالہ تاریخ میں سب سے کم اسکور 27رنز پر آؤٹ ہوکر میچ 176رنز سے ہار گئی۔ فاسٹ بولر اسکاٹ بولینڈ نے ہیٹ ٹرک کی ، مچل اسٹارک نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹیں مکمل کیں۔ مچل اسٹارک نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ اور سیریز قرار پائے۔ریکارڈ 7 کھلاڑی ایک اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے، 4 بیٹرز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ آسٹریلیا نے سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ مکمل کرلیا۔ یہ مکمل ٹیسٹ اننگز کا دوسرا کم ترین ٹوٹل ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم اسکورنیوزی لینڈ کی ٹیم 1955 میں آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 26 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ ایک وقت پر ویسٹ انڈیز کی نو وکٹیں 26 رنز پر گر گئی تھیں لیکن آخری وکٹ گرنے سے قبل ایک مس فیلڈ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز اس پشیمانی والے اسکور سے ایک رنز آگے نکل گئی ۔ جنوبی افریقا کی ٹیم 2 مرتبہ 30، 30رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔ اسٹارک نے سیریزمیں15وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔ سب سے کم گیندوں میں 400وکٹ لینے کے معاملے میں وہ صرف جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل ا سٹین سے پیچھے ہیں۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 225 اور دوسری اننگز میں 121جبکہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 143اور دوسری اننگز میں 27رنز بنائے۔

اسپورٹس سے مزید