• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

UAE کو 31 رنز سے شکست، پاکستان نے دوسری کامیابی حاصل کرلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم نے تین ملکی ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات کو 31رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی اور فائنل کھیلنے کے امکانات روشن کر لئے۔صائم ایوب نے آل رائونڈر کارکردگی دکھاتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان نے مسلسل دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور مقررہ 20اوورز میں 207رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔جواب میں اماراتی ٹیم نے8وکٹ پر176رنز بنائے۔ آصف خان نے مزاحمت کرتے ہوئے 35گیندوں پر77رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔حسن علی نے47رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئےپاکستان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 207رنز بنا کر شارجہ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور قائم کر دیا۔ اس سے قبل سب سے بڑا اسکور افغانستان نے چھ وکٹ پر 215رنز بناتے ہوئے 10 جنوری 2016کو زمبابوے کے خلاف بنایا تھا۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات نے 19مئی 2025کو بنگلہ دیش کے خلاف 206رنز بنائے تھےجواب میں اماراتی بیٹر نے جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی۔ زوہیب اور کپتان محمد وسیم نے پہلی وکٹ پر39رنز کا اضافہ کیا۔زوہیب13رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر کیچ ہوئے۔ڈینجر مین محمد وسیم کو حسن علی نے رن آوٹ کیا انہوں نے18گیندوں پر33رنز دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔اگلی گیند پر حسن علی نے ڈی سوزا کی وکٹ حاصل کی۔علی شان تین رنز بناکر صائم کا شکار بنے۔چوپڑا،سفیان مقیم کی گیند پر گیارہ رنز بناکر آوٹ ہوئے۔پانچ وکٹ 76رنز پر گرنے کے بعد آصف خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولروں کے چھکے چھڑا دیئے۔صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 69رنز بنائے ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھےانہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ میں چوتھی نصف سنچری بنائی وہ آوٹ ہونے کے بعد امپائر کے فیصلے سے مطمئن نہ تھے، حسن نواز نے 6چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56رنز بنائے۔ انہوں نے کیئریئر کی دوسری نصف سنچری بنائی اوران کی اننگز 26گیندوں پر مشتمل تھی۔فخر زمان 6اور کپتان سلمان علی آغا 5رنز بنا سکے، صاحبزادہ فرحان 8 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، محمد نواز 15گیندوں پر 25رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔انہوں نے ایک چھکا اور دو چوکے مارے۔فہیم اشرف16 حسن علی9اور سلمان مرزا تین رن بناکر آوٹ ہوئے۔پاکستانی اننگز میں دو بیٹرز رن آوٹ ہوئے۔ یو اے ای کی جانب سے صغیر خان نے44رنز دے کر تین اور جنید صدیق نے49رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حیدر علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ حسن علی اور سلمان مرزا پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید