• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اسپورٹس کا کھیل کے میدان ٹھیکے پر دینے کیخلاف احتجاج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی اسپورٹس آرگنائزیشن نے صوبے میں کھیل کے میدان ٹھیکے پر دینے اور محکمہ کھیل میں جاری کرپشن کے خلاف احتجاج اور عدالت جانے کا اعلان کردیا، کے ایس او کے سربراہ اسلم خان کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کس قانون کے تحت پارکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت دے رہے ہیں، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے زائد العمر عہدیدار نوجوانوں کو آگے لائیں۔ میڈیا سے گفتگو میںاسلم خان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کھیل کے میدان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نام پر ٹھیکے پر دے رہے ہیں جس کے باعث شہر سے سامنے آنے والا ٹیلنٹ جمود کا شکار ہے، کشمیر اسپورٹس کمپلیکس میں تاریخی ٹینس کورٹ کی حیثیت ختم کرنا غیر قانونی اقدام ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اپوزیشن یہ تیرا وہ میرا کے فارمولے کے باعث خاموش ہے، دوسری جانب محکمہ کھیل میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے نام پر بدعنوانیاں عروج پر ہیں، سوال یہ ہے کہ محکمہ کھیل دیگر اتھارٹیز کے انفراسٹرکچر پر فنڈ کس قانون کے تحت خرچ کررہا ہے جبکہ ان اتھارٹیز سے ٹیکس کی مد میں سندھ حکومت کو ایک روپیہ تک نہیں ملتا، نیشنل گیمز کیلئے ملنے والے فنڈز میں سے سندھ اولمپک نے 7کروڑ روپے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو کیوں دیئے، سردار محمد بخش مہر ایس او اے کے صدر، محکمہ کھیل کے وزیر ہونے کے ساتھ محکمہ اینٹی کرپشن کا قلمدان بھی اپنے پاس رکھتے ہیں لیکن اپنی ناک کے نیچے ہونے والے کرپشن سے بے گانہ نظر آتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید