کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرول 5.36روپے، ڈیزل 11.37 روپے مہنگا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ظالمانہ بجٹ کے بعد عوام پر پیٹرول بم بھی گرا دیا، عوام کو ریلیف دینے کے نعرے لگانے والی حکومت غریبوں اور تنخواہ دار طبقے سے جینے کا حق بھی چھین لینا چاہتی ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ٹیکسوں کی بھر مار نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنے ناممکن ہو تے جارہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی اور مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ واپس اور پیٹرولیم لیوی کم کرے،مہنگی بجلی و گیس سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی، ظالمانہ بجٹ اور ناقص معاشی و اقتصادی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے،پیٹرول، بجلی اور چینی کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔