• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراعظم کو پھر تنہائی کا نشانہ بنایا گیا ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے عادل ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سرپرست اعلیٰ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر موت کی کوٹھڑی میں تنہائی کا نشانہ بنایا گیا ہے، ان سے کتابیں، اخبارات، اہل خانہ سے بات چیت، قانونی مشاورت اور ذاتی ڈاکٹروں کی سہولت تک چھین لی گئی ہے جو نہ صرف غیر انسانی بلکہ آئین و قانون کے سراسر منافی ہے، 711دن سے سابق وزیراعظم کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے ان پر اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی گئی ہے عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتوں کے تمام احکامات کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے، اور صحافیوں کو ملنے سے روک کر ریاستی جبر اور فاشزم کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو 22 گھنٹے روزانہ ایک چھوٹی سی کوٹھڑی میں بند رکھا جاتا ہے، جس کا مقصد صرف ان کا ذہنی و جسمانی استحصال ہے۔ یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر ٹوڑا جاسکے مگر وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اس ملک و قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی حقیقی آزادی کی تحریک بھرپور انداز میں جاری ہے جو 5 اگست کو عوامی حمایت سے اپنے عروج پر پہنچے گی۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید