کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی کو نظر انداز کر دیا ہے،پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ بجلی نہ ہونے سے پانی کی لائن پھٹ جاتی ہے،نیوکراچی سے لوگ لندن چلے گئے اور ناظم آباد سے ڈی ایچ اے جبکہ یہ علاقے ترقی سے محروم رہ گئے،ضلع وسطی شادمان ٹاؤن میں پارک کی تزئین و آرائش اور جدید آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے، منصوبے کے تحت پانچ ہزار گز کے پلاٹ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ جدید پارک، فٹبال ایریا اور کیفے جیسی سہولتیں بھی دستیاب ہوں گی یہ منصوبہ کلک کے تحت 145.794ملین روپے تخمینی لاگت سے 6ماہ میں مکمل کیا جائے گا ، پارک اور آئی ٹی سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی میئر کراچی کے ہمراہ تھے۔