کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ماڈل و اداکارہ حمیرہ اصغر علی کی لاش گھر سے برآمد ہونے کے معاملے میں رپورٹ جمع کروادی گئی،شہری شاہ زیب سہیل نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست دائر کردی، دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ حمیرہ اصغر علی کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے حمیرہ اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منگوالی، سماعت کے دوران ایس پی کمپلین سیل نے رپورٹ عدالت میں جمع کروادی ،رپورٹ کے مطابق ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے،تحقیقات کے دوران متعدد لوگوں کے بیانات لئیے گئے لیکن کسی قسم کی کوئی کامیابی نہیں ملی، مرحومہ کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔