اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شوگر مافیا، مہنگی بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں چوتھی مرتبہ ظالمانہ اضافہ کے خلاف اتوار 20جولائی کو اسلام آباد اور تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرزمیں احتجاجی دھرنے ہوں گے۔ 25جولائی کو ”حق دو بلوچستان کو“ تحریک کوئٹہ سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ جاری رکھے گی، آج دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں، انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ کشمیر پالیسی کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھایا جائے، کشمیر پر ایسی کسی ثالثی کو قبول نہیں کریں گے جو خطہ کے عوام کی خواہشات کے خلاف ہو۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ جاری رکھے گی ،انہوں نے ان خیا لات کا اظہار ہفہ کے روز اسلام آ باد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، نائب قیم سید فراست شاہ،امیراسلام آباد نصراللہ رندھاوااور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور اپوزیشن کی بے عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعلان کیا کہ اتوار 20 جولائی کو احتجاجی دھرنوں کا مقصد عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے سب جمع ہو جاتے ہیں، سب مل کر فیصلہ کرلیتے ہیں کہ ہماری تنخواہوں میں 300 فیصداضافہ ہونا چاہیے، حکومت نے بجلی کی قیمت 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کم کر نے کا اعلان کیا لیکن حکومت نے قوم سے جھوٹ بولا اور یہ کمی نہیں کیا۔