برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ہائی کمیشن کے افسران نے پاک فضائیہ کو ایک بین الاقوامی ایئر شو میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فضائیہ کے C-130H ہرکیولیس طیارے کو شاندار تیاری اور خوبصورت پیشکش پر Concours d’Elegance Trophy سے نوازا گیا جو کہ اس ایونٹ کا ایک نمایاں اعزاز ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کی ٹیم نے Spirit of the Meet ایوارڈ بھی حاصل کیا جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، ٹیم ورک اور جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ یہ ایوارڈز ہماری فضائیہ کے جوانوں کی مہارت، محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔
ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کی بین الاقوامی سطح پر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کامیابیاں نہ صرف ہماری افواج کی قابلیت کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔