• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی وزیرِ انصاف سر نکولس ڈیکن کی راجہ نجابت کو یومِ استحصال ِ کشمیر پر بھرپور حمایت کی یقین دہائی

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

بھارت برطانیہ میں بھی ناک آؤٹ ہو گیا، جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کے سربراہ بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی، آرٹیکل 370 اور 35 اے کی بحالی اور کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس واپس لینے کی طرف بین الاقوامی سطح پر پیش رفت ہوئی ہے۔

برطانوی وزیرِ انصاف سر نکولس ڈیکن نے چیئرمین جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان کو 5 اگست 2019ء کے تناظر میں یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہائی کروا دی۔

جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے برطانوی وزیر انصاف سر نکولس ڈیکن سے ملاقات کے دوران بھارت اور بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی۔

وفد کی قیادت بانی چیئرمین جموں و کشمیر تحریکِ حق خود ارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان نے کی۔

سر نکولس ڈیکن ممبر برطانوی پارلیمنٹ کے آفس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں جے کے ایس ڈی ایم آئی کے سرپرستِ اعلیٰ سردار عبد الرحمٰن خان، راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، سابق مشیرِ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر، ہیری بوٹا، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل اور سردار عابد حسین شامل تھے۔

اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے برطانوی وزیرِ انصاف کو عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس کی روشنی میں ہندوستان کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بچوں اور نوجوانوں کے جبری اغواء، بچیوں اور خواتین کی عصمت دری کے ان گنت سانحات سے آگاہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیرِ انصاف سر نکولس ڈیکن کا ہم کشمیری عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ہر سطح پر ہندوستانی مظالم پر آواز بلند کی ہے۔

اس موقع پر سر نکولس ڈیکن نے وفد کو یقین دلایا کہ 5 اگست 2019ء کے تناظر میں ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر وہ اپنے دیگر ساتھی وزراء کے ساتھ خصوصی بریفنگ اور میٹنگ میں ڈسکشن کریں گے اور حکومت برطانیہ سے انسانی حقوق اور خواتین کی ہراسانی پر سنجیدہ اور ٹھوس مؤقف اپنایا جائے گا۔

وفد نے برطانوی وزیرِ انصاف سر نکولس ڈیکن کو یوم استحصال کشمیر کے تناظر میں برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں اپنے مختلف فنکشنز اور ایونٹس میں بھی مدعو کر لیا۔

وفد نے برطانوی وزیرِ انصاف سر نکولس ڈیکن کو جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید