لاہور(کرائم رپورٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوان انتہائی الرٹ رہیں اورشر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اورحساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویژن کی تکمیل می صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں جس کے تسلسل میں 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 233چھاپے اور منشیات کے دھندے میں ملوث 126ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئ ۔