راولپنڈی(نمائندہ جنگ )سکیورٹی فورسز نے قلات میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیاجبکہ سکیورٹی فورسز نے 16سے 20جولائی کے دوران ضلع مالاکنڈ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا جس میں 9خوارجی ہلاک اور 8 گرفتار کئے گئے‘ خوارج کے زیراستعمال دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ادھرجنوبی وزیرستان میں اتوار کوگشت کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو تھانوں کے سات پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مالاکنڈمیں چارروزپر محیط آپریشن بھارتی ایجنٹ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا۔شدید اور مسلسل فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 9خوارج واصل جہنم کیے گئے جبکہ 8خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق 19اور20جولائی کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی ایجنٹ تنظیم "فتنہ الہندوستان" کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔آپریشن کے دوران، افواج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثرانداز میں نشانہ بنایااور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا۔