• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بزنس کمیونٹی کی بات سننے کیلئے تیار نہیں، چوہدری شفیق انجم

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے صدر اور فیصل آباد فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری شفیق انجم نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بزنس کمیونٹی کی بات سننے کے لئے بھی تیار نہیں ہے اس لئے ان کے پاس ہڑتال اور احتجاج کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو گرفتاریوں کا اختیار دے کر بزنس کمیونٹی کو ہراساں کرنے کی آزادی دیدی گئی ہے جس سے کاروباری حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ چوہدری شفیق انجم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے منظور کیا گیا بجٹ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے تھا جس میں سوائے ٹیکس بڑھانے کے کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپسٹی چارجز کی مد میں دے کر ضائع کر چکی ہے اور دوسری طرف سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پر ٹیکس اس قدر بڑھا دیا گیا ہے کہ ان کے پاس کاروبار چلانے کے لئے بھی سرمایہ باقی نہیں بچا ہے جس کی وجہ سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی انڈسٹری بند ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی کی غلط پالیسیوں کے سبب زرعی اجناس کی قیمتوں میں استحکام نہ ہونے کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور کسانوں کے لئے یہ ممکن نہیں رہا کہ وہ کاشت کاری کا پیشہ جاری رکھ سکیں۔
اہم خبریں سے مزید