• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، غیرت کے نام پر جوڑا قتل، پولیس حرکت میں، قبائلی رہنما سمیت متعدد گرفتار

کوئٹہ ( نسیم حمید یوسف زئی ) مارگٹ کے پہاڑی علاقے میں غیرت کے نام پر ایک مرد اور عورت کو قتل کر دیا گیا۔ واقعے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتار کا حکم دیا اور کوئٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے ایک کزن اور قبائلی رہنما سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارگٹ کے پہاڑی علاقے میں ایک ماہ قبل خاتو ن اور مرد کو غیرت کے نام قتل کیا گیا تھا مقتولین مارگٹ کے علاقے آستنگی کے رہائشی تھے ۔قتل کی ویڈ یو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ قتل کے بعد مقتولین کو الگ الگ قبرستان میں سپرد خا ک کیا گیا ۔ سوشل میڈیا پر بیان کیے گئے واقعے کے برعکس یہ پسند کی شادی کا واقعہ نہیں ہے۔ مقتولین کی شناخت بانو بی بی اور احسان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا جس پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی قائم مقام ایس پی سٹی ڈویژن خرم میسر کی سربراہی میں بننے والی ٹیم جس میں ڈی ایس پی عبدالرب ٗ ایس ایچ او ہنہ نوید خان شامل تھے ،نے عملے کہ ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ایک ملزم جو مقتولہ کا کزن ہے اور ایک قبائلی رہنما سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید