• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی فوجیوں کی امداد کے لیے جمع ہجوم پر فائرنگ، بمباری، 115 فلسطینی شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے امداد کیلئے جمع ہونے والے ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 92فلسطینی شہید اور 200سے زائد زخمی ہوگئے، غزہ بھر پر اسرائیلی فورسز کی بمباری اور حملوں کے نتیجے میں اتوار کے روز مجموعی طور پر 115فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اس کے ایک امدادی قافلے پر اس وقت فائرنگ کی گئی، جب بڑی تعداد میں شہری امدادی خوراک حاصل کرنے کی امید میں جمع ہوئے۔ڈبلیو ایف پی نے ایک بیان میں کہا کہ 25 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ زکیم کراسنگ کے ذریعے داخل ہوا اور "شدید غذائی عدم تحفظ" کا سامنا کرنے والے علاقوں کی طرف جا رہا تھا۔شمال میں داخلے میں مختصر تاخیر کے بعد، قافلے کا سامنا مایوس رہائشیوں کے ایک بڑے ہجوم سے ہوا جس کے بعد اس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اطلاعات کے مطابق متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔ ڈبلیو ایف پی نے کہا کہ وہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات جمع کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ انسانی امداد حاصل کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنانا "ناقابل قبول" ہے۔ ایجنسی نے شہریوں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے کے تحفظ کے لیے اپنے مطالبے کو دہرایا۔دریں اثناء حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد کے عسکری ونگز نے غزہ میں اسرائیلی افواج پر کئی حملوں کی اطلاع دی ہے، جن میں سے کچھ کارروائیاں رواں ماہ کے اوائل میں کی گئی تھیں۔

اہم خبریں سے مزید