لاہور(رب نواز خان)جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ سب سے بڑی تعلیمی نمائش ” دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو2025“ گذشتہ شام اختتام پذیر ہوگئی۔
نمائش کےآخری روز شرکاء کا زبردست رش رہا، تمام تعلیمی اداروں کے سٹالز پر شہریوں کی کثیر تعداد معلومات حاصل کر کے اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرتی رہی۔ نمائش کے دوسرے اور آخری روز لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔
جنگ گروپ کے زیر زہتمام منعقدہ دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو کا مقصد طلباء و طالبات کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے مناسب فیصلہ کرنے میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر بھرپور تعلیمی معلومات فراہم کرنا تھا۔
دو روز جاری رہنے والی اس ایکسپو کے آخری دن بھی طلبہ، اساتذہ، والدین سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی جانب سے اس ایجوکیشن ایکسپو کو بہت سراہا گیا اور نمائش میں موجود مختلف تعلیمی اداروں کے سٹالز پر گزشتہ روز کی نسبت کئی گنا زیادہ گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلبہ ووالدین عبد الرافع خان ،مسز عامر مرزا، محمد طلحہ، محمد یوسف، یاسین،صالحہ کامران،فاطمہ عمران، ارسلان، انعام الحق، عون عباس، مسزحمزہ سعید و دیگر نے کہا کہ یہ ایک زبردست ایونٹ ہے جس سے ہمیں بہت معلومات حاصل ہوئی ہیں۔