• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارون شاہد کا بدتمیز اور بااثر شخص سے بدلہ لینے کا انوکھا انداز

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

معروف اداکار اور موسیقار ہارون شاہد نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی جدوجہد اور ایک بدتمیز بااثر شخص سے پیش آئے واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

 ہارون شاہد نے جیو ٹی وی کے شو ہنسنا منع ہے میں گفتگو کے دوران بتایا کہ میں ایک کمپنی میں کام کرتے ہوئے ساتھ ہی موسیقی کے شعبے میں بھی اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا، ان دنوں میں ایک سنیما مالک سے کسی پروجیکٹ کے سلسلے میں ملاقات ہوئی، مگر مالک نے میرے ساتھ نہایت بدتمیزی سے پیش آتے ہوئے مجھے بےعزت کیا۔

ہارون نے کہا کہ وہ لمحہ میرے لیے باعثِ شرمندگی تھا، لیکن اسی لمحے میں نے دل میں تہیہ کر لیا کہ ایک دن میں اسی شخص کو اپنی کامیابی دکھاؤں گا۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سال بعد قسمت نے مجھے وہ موقع فراہم کیا جب فلمساز شعیب منصور کی فلم ورنہ میں ماہرہ خان کے ساتھ مجھے کاسٹ کیا گیا، فلم کی پروموشن کے سلسلے میں میں دوبارہ اسی سنیما پہنچا، لیکن اس بار ناصرف میں ایک کامیاب اداکار کے طور پر آیا بلکہ میرے پوسٹرز پورے سنیما کی عمارت پر آویزاں تھے۔

 اداکار نے بتایا کہ ماہرہ خان میرے ساتھ تھیں اور وہی سنیما مالک جو کبھی مجھ سے بدتمیزی کرتا تھا اب ادب و احترام سے پیش آ رہا تھا۔

ہارون شاہد نے کہا کہ یہ لمحہ میرے لیے بہت معنی رکھتا تھا اور میں نے خود کو خوش نصیب سمجھا کہ میں عزت کے ساتھ واپس لوٹا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید