لاہور، اسلام آباد، گجرات، سیالکوٹ (نمائندگان جنگ/نامہ نگاران) ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث تباہی اور نقصانات کا سلسلہ جاری‘ راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا الرٹ‘ ملک بھر میں 804 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوچکے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے اب تک 233 افراد جاں بحق اور 594 زخمی ہوئے ہیں‘ جاں بحق ہونے والوں میں 79 مرد، 42 خواتین اور 112 بچے شامل ہیں۔
مری میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں کئی درخت گرگئے اور گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
نشیبی علاقے زیر آب آگئے‘ راولپنڈی میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں کار سوار 2 افراد کرنل (ر) اسحاق قاضی اور ان کی بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔ ریسکیو ٹیم نے باپ بیٹی کی تلاش شروع کر دی ہے۔
مری کے بوستال روڈ اور ایکسپریس وے کے آوائین کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات دیکھنے میں آئے جس دوران 3 افراد پتھر لگنے سے معمولی زخمی ہوگئے جبکہ امدادی ٹیموں نے گاڑیوں اور 11 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
جھنڈا گلی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 گھر زد میں آگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔