اسلام آباد (خبر نگار) جوڈیشل مجسٹریٹ مبشرحسن چشتی نے مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں انٹرنیٹ کنکشن کی خرابی کے باعث بیان ریکارڈ نہ ہونے پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز تھانہ بہارہ کہو میں کےمقدمہ کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل راجہ ظہورالحسن نے 3 بجے 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ علی امین گنڈا پور 3 بجے بذریعہ ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کروائیں گے، اگر ہم بیان ریکارڈ نہیں کرواتے تو عدالت بتا دے کون سے قانون کے تحت 342 کا حق ختم ہو گا؟ یہ اکبر بادشاہ کی عدالت نہیں، ہم جو درخواست دیتے ہیں آپ مسترد کر دیتے ہیں، اکبر بادشاہ خوش ہوتا تھا تو اشرفیاں دیتا تھا۔