ملتان (سٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنت ملتان ڈویژن کے امیر علامہ فاروق خان سعیدی، جمیعت علماء پاکستان (نورانی) جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل، پاکستان سنی تحریک کے صوبائی ناظم اعلیٰ مرزا محمد ارشد القادری، ڈاکٹر اشرف قریشی، تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم شہباز شاہ ہاشمی، نائب صدر مرکزی میلاد کمیٹی سلیم بلالی عطاری اور دیگر علما و مشائخ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کے روحانی پیشوا ہیں، ان کے نام سے منسوب ʼموسیٰ پاک شہید انٹرچینجʼ قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی جانب سے اس نام پر اعتراض ناقابل برداشت ہے۔ تمام اہلسنت تنظیمات اور علما خاندان گیلانیاں کے ساتھ کھڑے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ موسیٰ پاک شہید انٹرچینج کا نام کسی صورت تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا، علما نے ضلعی و صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہر کا پرامن ماحول خراب نہ ہو اور مستقبل میں کوئی ایسی جسارت نہ کر سکے۔