لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ بلدیات پنجاب میں ای سسٹم کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے میونسپل کارپوریشن لاہور میں ایک تقریب کے دوران ای آکشن، ای بلنگ اور فنانشل مینجمنٹ سسٹم کا کمپیوٹر سکرین پر باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ ٹیم کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نظام حکومت میں شفافیت وزیراعلی مریم نواز شریف کا فوکس ہے۔ ای سسٹم شہریوں کے لئے سہولت اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت کا باعث بنے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس سسٹم کی تیاری میں پنجاب بینک اور پی آئی ٹی بی نے معاونت کی۔ ای بلنگ سسٹم کے ذریعے اب گھر بیٹھے میونسپل فیس کی وصولی ممکن ہوسکے گی۔