لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے دوران ٹیچنگ ہسپتالوں میں آئی سی یوز کی صلاحیت میں اضافہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس حوالے سے اپنی قیمتی آراءاور تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں کے موجودہ نظام میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ حکومت نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول ڈیپارٹمنٹس کو بھی فعال بنایا جا رہا ہے۔ہسپتالوں میں ہائپو تھرمیا یونٹس بھی بنائیں جائیں گے۔اجلاس میں چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر محمد وسیم، پرنسپل سمز پروفیسر زوہرہ خانم، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری، پروفیسر شعیب نبی، پروفیسر مظہر اور ڈاکٹر لیاقت نے شرکت کی۔