• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابوسر ٹاپ پر خوفناک تباہی‘ سڑکیں، پل تباہ ہوگئے

چلاس( خبر ایجنسیاں) بابوسر ٹاپ پر سیلابی ریلےاورلینڈ سلائیڈنگ سے خوفناک تباہی‘ سڑکیں، پل تباہ ہوگئے۔ 5افراد جاں بحق، درجنوں سیاح لاپتہ ہوگئے‘سیلابی صورتحال کے باعث دیامر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی‘بارش کے بعد اچانک بہت تیزی سے سیلابی ریلا نکلا اور اطراف میں پھیل گیا،ریلا بڑے بڑےپتھروں کو ساتھ لایا جو گاڑیوں اور لوگوں کوبہا کر لے گیا، سیلاب کی آمد کے وقت 300کے قریب سیاح موجود تھے ۔پھنسے ہوئےافراد کو پہلے مقامی آبادی نے پناہ دی، پھر انتظامیہ و فوج نے ہوٹلوں میں منتقل کیا، 50مکانات اور دو مساجد کو بھی نقصان پہنچا ۔ ریسکیو 1122 ضلع چلاس کے ترجمان پختون ولی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ سوموار کی شام چار بجےبابو سر ٹاپ کے مقام پر سیاح تفریح کر رہے تھے جب اچانک دائیں اور بائیں سے سیلابی ریلا آیاجواپنے ساتھ گاڑیوں اور مقامی لوگوں کو ساتھ بہا کر لے گیا۔ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے جن میں 4 سیاح اور ایک مقامی شہری شامل ہے۔ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، تاہم بہت سے سیاح اب بھی لاپتا ہیں۔ سیلابی ریلے کی زد میں آنے والے سیاحوں میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد بھی شامل ہیں جن کا تعلق حکام کے مطابق صوبہ پنجاب میں ضلع لودھراں سے ہے۔

اہم خبریں سے مزید