راولپنڈی(آئی این پی) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں 19 اور 21 جولائی کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کئے گئے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں سکیورٹی آپریشن کے دوران گزشتہ دو روز میں 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔